67

ایران،امریکہ کشیدگی،وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی ایران کےدورےپرروانہ

اسلام آباد،(بےلاگ نیوز)ایران،امریکہ کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی ایران  اور سعودی عرب کے دورہ پر روانہ ہو گئے ہیں۔وزیرخارجہ کو اس دورے کی خصوصی ہدایت وزیراعظم عمران خان نے دی ہے۔

 وزیر خارجہ ایران میں اپنے  ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ملاقات کریں گے اور ان سے مشرق وسطیٰ اور  خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے،شاہ محمود قریشی کل تہران سے ریاض جائیں گے جہاں وہ  سعودی وزیر خارجہ  شہزادہ فیصل بن فرحان بن آل سعود سے ملاقات کریں گے۔

ملاقات میں ایران امریکہ کشیدگی سمیت علاقائی امن و استحکام کے موضوعات پرتبادلہ خیال کریں گے۔روانگی کے موقع پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ حالیہ پیش آنے والے واقعاتِ کے تناظر میں، خطے کے امن و سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے ، کشیدگی میں کمی لانے اور مسائل کے پرامن حل کے لیے فوری اور اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دورے کے دوران ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ اوردوسرے رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتوں میں پاکستان کے نقطہء نظر  سے آگاہ کروں گا،ضرورت اس امر کی ہے کہ ،تناؤ کی اس کیفیت کو اعتدال پر لانے اور کشیدگی میں کمی لانے کیلئے سفارتی ذرائع سے مسائل کا حل تلاش کرنے کی  کوششوں کی حمایت کی جائے۔

سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں