251

ٹی وی پروگرام میں بوٹ لانےکامعاملہ،کاشف عباسی پر60دن کی پابندی عائد

اسلام آباد،(بےلاگ نیوز) پیمرا نے اے آر وائے نیوز کے پروگرام ‘آف دی ریکارڈ’ اور اس کے میزبان کاشف عباسی پرپیمرا قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 60 روز کی پابندی عائد کر دی ہے۔

تفصیلات کیمطابق نجی ٹی وی چینل (اےآروائے) کےپروگرام میں رہنماتحریک انصاف اوروفاقی وزیرفیصل واوڈا نےدیگر مہمانوں اور میزبان کاشف عباسی کی موجودگی میں میز کے نیچے سے ایک جوتا نکال کر میز پر رکھا تھا،فیصل واوڈا کا یہ عمل انتہائی ’غیراخلاقی‘ تھا اور ان کی جانب سے دیے گئے دلائل نہ صرف ’توہین آمیز‘ تھے بلکہ ایک ریاستی ادارے کی ‘تذلیل‘ کرنے کی کوشش تھی۔

پیمراکےنوٹس میں کہاگیا ہے کہ پروگرام کے میزبان کا کردار بھی ’انتہائی غیر پیشہ وارانہ‘ تھا،انھوں نے نہ ہی کوئی مداخلت کی اور نہ ہی ایک مہمان کی جانب سے کی گئی غیر اخلاقی حرکت کو روکنے کی کوشش کی اور الٹا اس معاملے کو غیر سنجیدہ انداز میں لیا۔ میزبان کا یہ عمل پیمرا قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

پیمرا قانون کے سیکشن 27 (اے) کے تحت پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ کی نشریات پر 60 روز کی پابندی لگا دی جاتی ہے جس کا اطلاق جنوری 16 سے ہو گا۔ اس کے علاوہ پروگرام کے میزبان کاشف عباسی کی کسی بھی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت پر 60 روز تک پابندی عائد کی جاتی ہے۔

پیمرا کے تحریری نوٹس کے مطابق خلاف ورزی کی صورت میں اے آر وائی نیوز کو بندش کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ساتھ ہی کوئی اور چینل اگر کاشف عباسی کو اپنے پروگرام میں مدعو کرے گا تو اس کے خلاف بھی پیمرا قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں