226

میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے آیا ہوں

(ویب ڈیسک)امریکی صدر کو قتل کرنے کی دھمکی کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے وائٹ ہاوس کے باہر سے فلوریڈا سے تعلق رکھنے والےمسلح شخص گرفتار کرلیا۔

امریکی میڈیاکے مطابق امریکی صدر کی رہائش گاہ وائٹ ہاوس کے باہر سیکیورٹی اہلکاروں نے ایک مشتبہ چاقو بردار25سالہ نوجوان راجر ہیڈپیتھ کو اس وقت حراست میں لیا جب اس نے پٹرولنگ پر موجودامریکی سیکریٹ سروس کے افسر کو بتایا کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے آیا ہے۔میٹروپولیٹن پولیس کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ راجر ہیڈپیٹھ نامی کو امریکی صدر کو جسمانی نقصان پہنچانے کی دھمکی کے الزام میں ہفتے کی دوپہر گرفتار کیا گیا ہے۔

 نوجوان نے افسر سے کہا کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے آیا ہے اور اس کام کی انجام دہی کےلیے اس کے پاس چاقو بھی ہے۔راجر ہیڈپیٹھ نامی نوجوان کی گرفتاری کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے تلاشی کے دوران اس کے پاس سے ایک پستول اور چاقو برآمد کیا۔

سی این این کے مطابق پولیس اہلکاروں نے مسلح نوجوان کو حراست میں لینے کے بعد ذہنی صحت سے متعلق جانچ کےلئے ہسپتال منتقل کردیا ہے اور وہ اگلے نوٹس تک ہسپتال ہی رہے گاجبکہ اس کی گاڑی بھی قبضے میں لے لی ہے۔حکام کے مطابق سیکریٹ سروس کے اہلکاروں کو بھی کوئی خطرہ نہیں ۔ دوسری طرف مبینہ طورپر ملزم کی رشتہ دار خاتون سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا تاہم اس نے اس معاملے پر کسی بھی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔

خیال رہے کہ2014 میں بھی امریکی سکیورٹی ایجنسیز کی جانب سے امریکی صدر کے گھر کے باہر سے ایک 27 سالہ مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا تھا جو سابق امریکی صدر باراک اوبامہ کو قتل کرنے آیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں