144

چین سے بحری جہاز کے ذریعے دفاعی سازو سامان کی پاکستان منتقلی کا بھارتی الزام مسترد

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے چین سے کمرشل بحری جہاز کے ذریعے دفاعی سازوسامان کی پاکستان منتقلی کے بھارتی الزامات مستر د کر دئیے۔ سامان کے ممکنہ فوجی استعمال سے متعلق کے بھارت کے تمام دعوے حقائق کے برعکس اور بےبنیاد ہیں

تفصیلات کے مطابق بھارت جھوٹے پراپیگنڈے سے باز نہیں آیا، چین سے بحری جہاز کے ذریعے دفاعی سامان پاکستان منتقل کرنے کا بھونڈا الزام لگا دیا جس پر ترجمان دفتر خارجہ کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے اور بھارتی دعوے حقائق کے برعکس اور بے بنیاد قرار دے دیئے گئے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان آنے والے ایک کمرشل بحری جہاز کی تلاشی اور سامان ضبطی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، پاکستان میں سامان درآمد کرنے والی ایک نجی کمپنی نے بھی دفترخارجہ سے رابطہ کیا ہے۔

ترجمان نے کہاکہ جس سامان پر بھارتی حکام نے سوال اٹھایاہے وہ ایک ہیٹ ٹریٹمنٹ فرنس کیسنگ سسٹم ہے اور اس کے کئی صنعتی استعمال ہیں، یہ سامان کسی بھی طرح بین الاقوامی ممنوعہ اشیاء کی فہرستوں میں شامل نہیں اور یہ دنیا بھر میں صنعتی استعمال میں لایا جاتا ہے۔عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ بھارتی دعوؤں کے برعکس تمام سامان دستاویزات میں باقاعدہ ظاہر کیا گیا اور کسی قسم کی معلومات چھپانے کی کوشش نہیں کی گئی ۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کی پاکستان آنے والے کمرشل بحری جہاز کی تلاشی ،سامان ضبطی کی اطلاعات ہیں، پاکستان میں سامان درآمد کرنے والی ایک نجی کمپنی نے بھی دفترخارجہ سے رابطہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں