175

کوئی غلط فہمی میں نہ رہے،کورونا کے خلاف جنگ طویل ہوگی: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد (بے لاگ نیوز)گورنر ہاؤس میں کورونا وائرس سے متعلق وزیراعظم ریلیف فنڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کاکہنا تھا کہ تقریب کے انعقاد پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا بھی شکر گزار ہوں، مخیر حضرات کا بھی مشکور ہوں۔

 ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت قوموں کا امتحان ہوتا ہے، پاکستان کے حالات توویسے ہی پہلے بہت برے حالات تھے۔ یہ قوم کا امتحان ہے۔ مشکل وقت میں صبرکرنے والے عظیم انسان بن جاتے ہیں۔ برا وقت اللہ کی طرف سے امتحان ہوتا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا نظریہ اسلامی فلاحی ریاست ہے۔ بدقسمتی سے ہم اس نظریے سے بہت دورچلےگئے۔ مدینہ کی ریاست پوری دنیا کے لیے ماڈل تھا۔ بدقسمتی سے ہم اسلام کوووٹ لینے کے لیےاستعمال کرتے ہیں، اللہ نے قرآن میں کہا کہ اپنے نبیؐ کی زندگی سے سیکھو۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 2 ہزارارب ڈالرکا امریکا نے ریلیف پیکج دیا، امیرملکوں اورپاکستان کے معاشی حالات میں بڑا فرق ہے، معاشی طورپرمستحکم ملک بھی مشکل میں ہے۔ مشکل وقت میں ہم نے 8 ارب ڈالر کا پیکیج دیا ، میں قوم کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ مزید پیکیج دیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ اللہ کی طرف سے کورونا وائرس عذاب ہے، اس سے بچنا ہے، کورونا سے نمٹنا بہت بڑا چیلنج ہے۔ قوم جب اس چیلنج سے نکلے گی تو مختلف ہو گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن سے متاثرہ طبقے کا خیال رکھنا چیلنج ہے، دس کروڑ لوگ متاثر ہوئے ہیں، اس سے سفید پوش طبقہ بھی متاثر ہو گا، ہم نے تعمیراتی انڈسٹری کو کھول دیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تعمیراتی انڈسٹری کھلنے سے لوگوں کو روزگار ملے گا، روزانہ کی بنیاد صورتحال کا جائزہ لیتے ہیں۔ لاک ڈاؤن کے دوران ٹائیگر فورس بنائی ہے اس وقت 6 لاکھ لوگ اس کے ممبر بن چکے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پرکہا جا رہا یہ پاکستانیوں کوکچھ نہیں کہے گا۔ مہلک وباء کسی کونہیں چھوڑتی، سوشل میڈیا کی باتوں پرنہ جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ڈیٹا کی بنیاد پرلاک ڈاؤن کررہے ہیں، لاک ڈاؤن کا فائدہ تب ہوگا جب گھروں میں کھانا پہنچائیں گے، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، کورونا وائرس کے خلاف لمبی جنگ ہے، غلط فہمی میں نہ رہیں یہ کورونا وائرس پاکستان میں نہیں پھیلے گا،احتیاط کریں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ جو لوگ عطیہ کرنا چاہتے ہیں ہم انہیں بتائیں گے کہ یہ لوگ متاثرہ ہیں، ان کی مدد کریں۔ مخیرحضرات کا شکرگزارہوں، عثمان بزدار پنجاب میں اچھا کام کر رہے ہیں، پنجاب میں کام کرنے کے حوالے سے بڑی اچھی رپورٹ آرہی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فیس بک پیج لانچ کررہے ہیں، حکومت کے پاس مستحق لوگوں کا ڈیٹا موجود ہے، سیاسی پارٹی سے وابستگی سے بالاتر ہو کرمستحقین کو پیسہ دیا جائے گا۔ ہمارے ایم این ایز،ایم پی ایزکا امتحان ہے، مشکل وقت میں خدمت کریں، بدقسمتی سے سیاست بدنام عوام کی بجائے ذات کے لیے کام کرنے سے ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں