107

کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے کراچی کی 11 یونین کونسلز کو مکمل سیل کرنے کا حکم

کراچی میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب مہلک وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ضلع شرقی کی 11 یونین کونسلز کو مکمل طور پر سیل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

(ویب ڈیسک)ڈپٹی کمشنر شرقی کے مطابق یوسیز سیل کرنے کا حکم کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر دیا گیا ہے جس کے بعد ان 11 یوسیز میں نہ جانے کی اجازت ہوگی نہ ہی وہاں سے کوئی باہر آسکے گا۔ضلع شرقی کی جن یوسیز کو سیل کیا گیا ہے ان میں یوسی 6 گیلانی ریلوے، یوسی 7 ڈالمیا، یوسی 8 جمالی کالونی، یو سی 9 گلشن 2، یوسی 10 پہلوان گوٹھ، یوسی 12 گلزار ہجری، یو سی 13 صفورہ گوٹھ اور یوسی 14 فیصل کینٹ شامل ہیں اس کے علاوہ یونین کونسل 2 منظور کالونی، یو سی 9 جیکب لائن اور یوسی 10 جمشید کوارٹرز کو بھی سیل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔وٹیفکیشن میں پولیس اور رینجرز کو احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔

جن علاقوں میں کیسز زیادہ ہیں انہیں سیل کیا جارہاہے، مرتضیٰ وہاب

دوسری جانب سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی میں جن یوسیز کو سیل کیا جارہا ہے وہاں کیسز زیادہ ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ یوسیز کو سیل کرنے کا مقصد کورونا کیسز دوسرے علاقوں تک پھیلنے سے روکنا ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی کی ہی گلستان سوسائٹی میں ایک ہی گھر کے 9 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ گلستان سوسائٹی کے علاوہ چراغ کالونی میں بھی کیسز سامنے آنے کے بعد دونوں علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔ واضح رہے کہ  پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک 4 ہزار 897 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جس میں سے 1318 متاثرین کا تعلق سندھ سے ہے اور صوبے میں اب تک 28 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جو دیگر صوبوں سے سب سے زیادہ تعداد ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں