138

کورونا: بی بی سی ریڈیو پر پہلی مرتبہ جمعے کی اذان اور خطبہ نشر کیا جائے گا

(ویب ڈیسک)برطانیہ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے باعث تمام تر مساجد بھی بند ہیں اور اسی کے پیشِ نظر پہلی مرتبہ بی بی سی ریڈیو پر مسلمانوں کے لیے ہر جمعے کے روز اذان اور خطبے کی نشریات کا آغاز کیا جا رہا ہے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں مقیم مسلمانوں کے لیے پہلی مرتبہ بی بی سی ریڈیو پر جمعے کا خطبہ بھی نشر کیا جائے گا جس  کے لیے مختلف امام ہر جمعہ کو خطبہ دیں گے جسے بی بی سی کے 14 مقامی ریڈیو اسٹیشنز پر نشر کیا جائے گا۔ہر جمعے کو بی بی سی ریڈیو پر نشرکیے جانے والے پروگرام کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے کیا جائے گا جس کے بعد امام کی جانب سے نبی کریم رحمت اللعالمین حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی حدیث سنائی جائے گی اور خطبے کا آغاز کیا جائے گا۔

بی بی سی مقامی ریڈیو کے سربراہ کرس برنس نے کہا کہ ‘مقامی ریڈیو معاشرے میں موجود لوگوں کو آپس میں جوڑتا ہے، اور ہم امید کرتے ہیں کہ ہر ہفتے جمعے کے خطبے اور اذان سے مسلمانوں کو لاک ڈاؤن کے باوجود بھی ایک ہونے کا احساس ہوگا بی بی سی ریڈیو پریزینٹر فل اپٹون کا کہنا ہے کہ ‘برطانیہ میں کورونا وائرس کی وجہ سے بے شمار مساجد بند ہیں جس کی وجہ سے مسلمانوں کی عبادات میں ایک خلا پیدا ہوگیا ہے جسے پُر کرنے کے لیے یہ راستہ اختیار کیا جا رہا ہے

برطانیہ میں کورونا وائرس کی صورتحال

برطانیہ میں جمعے کو ریکارڈ اموات ہوئیں اور ایک ہی دن میں 980 اموات کے بعد مجموعی تعداد 8 ہزار 958 تک پہنچ گئی جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 74 ہزار ہو گئی ہے۔برطانیہ میں اموات کے لحاظ سے جمعہ بد ترین دن رہا اور مزید 5 ہزار 706 افراد کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا۔دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ مریضوں کی تعداد بھی 17 لاکھ سےزیادہ ہو چکی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں