161

ملک میں کورونا سے مذید ہلاکتیں،مجموعی کیسز کی تعداد میں اضافہ

پاکستان میں آج اب تک کورونا وائرس سے مزید 4 ہلاکتوں کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 100 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 5812 تک پہنچ گئی۔

ملک میں ہونے والی 100 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ ہلاکتیں سندھ اور خیبرپختونخوا میں 35، 35 ہیں۔اس کے علاوہ پنجاب میں 24، بلوچستان میں 2، گلگت 3 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔

آج کے کیسز کی صورتحال

آج بروز منگل ملک میں اب تک کورونا کے مزید  269کیسز سامنے آئے ہیں اور 4 ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئی ہیں۔آج اب تک سندھ میں 66 کیسز 4 ہلاکتیں، پنجاب سے 200 اور آزاد کشمیر سے 3 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

سندھ

سندھ میں آج اب تک کورونا وائرس کے مزید 66 کیسز سامنے آئے ہیں اور 4 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کی۔صوبے میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد  کیسز کی مجموعی تعداد 1518 ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 35 ہوگئی ہیں۔

وزیراعلیٰ کےمطابق آج مزید 8 افراد صحتیاب ہوکر گھروں پر چلے گئے جس کے بعد صوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 427 ہوگئی ہے۔ پنجاب

پنجاب میں آج اب تک کورونا کےمزید 200 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 170 کیسز کی تصدیق رات گئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بذریعہ ٹوئٹ کی  جب کہ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے مزید 30 کیسز کی تصدیق کی۔صوبے میں اب تک کیسز کی مجموعی تعداد 2856 ہوگئی ہے جب کہ 24 افراد کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔ترجمان کے مطابق صوبے میں 701 زائرین، رائے ونڈ قرنطینہ میں 992 تبلیغی ارکان، 1074 عام شہری  اور 89 قیدی کورونا میں مبتلا ہیں۔ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا کے 508 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔پنجاب میں ہونے والی 24 ہلاکتوں میں سے لاہور میں 11، راولپنڈی 6، رحیم یار خان 2، ملتان، بہاولپور، جہلم، فیصل آباد اور گجرات میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں آج اب تک کورونا کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔پورٹل کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 43 ہوگئی ہے تاہم اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔

بلوچستان

صوبے میں پیر کو صرف ایک شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد بلوچستان میں کیسز کی مجموعی تعداد 231 ہوگئی۔صوبائی محکمہ صحت کے مطابق وائرس کے شکار مریضوں میں 18 ڈاکٹرز اور 3 پیرامیڈکس بھی شامل ہیں۔محکمہ صحت کا بتانا ہےکہ بلوچستان میں کورونا کے 124مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔واضح رہے کہ صوبے اب تک کورونا سے 2 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا میں پیر کو 56 نئے کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی۔ صوبے میں کل ہلاکتوں کی تعداد 35 ہوگئی جب کیسز کی مجموعی تعداد 800 ہوگئی۔صوبائی محکمہ صحت نے بتایا کہ صوبے میں مزید 8 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جس کے بعد مہلک وائرس سے جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 153 ہوچکی ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں پیر کو کورونا کے مزید 12 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔اسلام آباد میں نئے کیسز کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 131 ہوگئی ہےوفاقی دارالحکومت میں اب تک کورونا سے صرف ایک مریض کا انتقال ہوا ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں پیر کو مزید 9 کیسز سامنے آئے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 233 ہو گئی ہے۔گلگت میں مہلک وائرس سے متاثرہ 155 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں جب کہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔خیال رہےکہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں