48

کورونا نے امریکی جیل میں تباہی مچادی، درجنوں قیدی ہلاک

ٹیکساس(مانیٹرنگ ڈیسک )امریکہ میں ہزاروں قیمتی جانیں نگلنا والا کورونا وائرس اب جیلوں میں بھی گھس گیا ہے جہاں اس کی وجہ سے چند دنوں میں درجنوں قیدی ہلاک ہوگئے ہیں۔

بی بی سی کے مطابق امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے ڈیپارٹمنٹ آف کریمنل جسٹس کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے کم از کم 84 قیدی اور نو جیلوں کے گارڈز ہلاک ہو چکے ہیں۔تازہ ترین ہلاکت 4 جولائی کو ہوئی جو 60 سالہ کوریکشنل آفیسر وی کینیتھ ہاربن کی تھی۔

ٹیکساس کے حکام کی طرف سے جاری کیے جانے والے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق آٹھ ہزار 811 قیدیوں اور 1556 ملازمین کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔وبا کے آغاز کے دنوں میں امریکہ میں جیل وبا کے مراکز سمجھے جا رہے تھے۔ قیدیوں میں صلاحیت نہیں کہ وہ سماجی دوری کر سکیں اور کئی مرتبہ انھیں صحتِ عامہ کی بنیادی سہولتیں مثلاً صابن اور گرم پانی وغیرہ بھی میسر نہیں۔

کیلیفورنیا میں سان کوینٹن جیل خطرناک وبا کا شکار اس وقت ہوئی جب یہاں کسی دوسری جیل سے ایک متاثرہ قیدی لایا گیا۔سوموار تک سان کوینٹن جیل کے چھ قیدی ہلاک ہو چکے تھے اور 1387 قیدیوں کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ حکام کہتے ہیں کہ وہ فوری طور پر کوشش کر رہے ہیں کہ جیلوں کی آبادی کو تین ہزار سے نیچے لایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں