43

کورونا وائرس نے سپر پاور کا نظام صحت تباہ کردیا

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک )کوویڈ 19 نے دنیا کی سپرپاور ہونے کے دعویدار امریکہ کے نظام صحت کو تباہ کردیا۔ ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد تیس لاکھ کا ہندسہ عبور کرگئی جب کہ ہلاکتیں ایک لاکھ31 ہزار سے تجاوز کرگئیں۔امریکی محکمہ صحت کے حکام نے ملک بھر میں نئی خوفناک صورتحال کا عندیہ دیا ہے جہاں دو درجن سے زائد ریاستوں میں گزشتہ 15 دنوں میں وائرس کی تباہ کاریاں مزید تیز ہوگئی ہیں۔

امریکی نظام صحت کورونا وائرس کے ملک بھرمیں پھیلاو کو روکنے میں بری طرح ناکام ہوچکا ہے۔برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق کیلی فورنیا، ہوائی، ایڈاہو، میسوری ، مونتانا، اوکلاہوما اور ٹیکساس میں نئے کیسز نے گزشتہ ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔سب سے زیادہ کیسز ٹیکساس اور کیلی فورنیا میں سامنے آئے۔جہاں دونوں ریاستوں میں دس دس ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے۔

اب تک 24 سے زائد ریاستیں گزشتہ ایک ہفتے میں بڑے پیمانے پر کورونا کیسز رپورٹ کرچکی ہیں۔صرف ٹیکساس میں ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد دگنی ہوگئی ہے۔رپورٹ کے مطابق فلوریڈا کی 67 میں سے 25 کاوئنٹیز کے ہسپتالوں کا کہنا ہے کہ ان کے آئی سی یوز مکمل بھر چکے ہیں۔منگل کو 6010 میں سے ریاست بھر میں صرف 17فیصد بیڈ خالی بچے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں