63

معروف اداکارہ جھیل کی سیر کے دوران لاپتہ

لاس اینجلس(مانیٹرنگ ڈیسک ) معروف اداکارہ جھیل کی سیر کے دوران لاپتہ ہوگئی ہیں جن کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ 33 سالہ نایا ریویرا 8 جولائی کو امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے قریب جھیل کی سیر کے دوران لاپتا ہوئیں۔

امریکی ٹی وی سی این این کے مطابق وینچرا کاؤنٹی کے شیرف آفس کا کہنا ہے کہ وہ جنوبی کیلی فورنیا کی ایک جھیل پر ‘غائب’ ہوئیں۔ ڈپٹی شیرف کرس ڈائر کے مطابق ہم یہ فرض کررہے ہیں کہ کوئی حادثہ ہوا ہے جس کے دوران وہ جھیل میں ڈوب کر انتقال کرگئیں۔

انہوں نے کہا ان کی تلاش کے لیے شروع کیے گئے سرچ آپریشن کو ریکوری آپریشن میں بدل دیا گیا ہے تاہم مشن اب بھی یہی ہے کہ مس ریویرا کو واپس ان کے گھر ان کے اہلخانہ کے پاس لایا جائے۔حکام کے مطابق ریویرا نے ایک کشتی کرائے پر لی اور اپنے بیٹے کے ساتھ اس پر سوار ہوئیں تاہم کشتی کی واپسی کے لیے متعین وقت پر کشتی نہ لوٹی تو اسے کرائے پر دینے والوں کو تشویش ہوئی تاہم کشتی پیرو جھیل کے اختتام پر انہیں مل گئی جس پر اداکارہ کا چار سالہ بیٹا تو موجود تھا لیکن وہ خود اس پر موجود نہیں تھیں۔

ان کے بیٹے نے لائف جیکٹ پہنی ہوئی تھی تاہم کشتی پر دوسری لائف جیکٹ ویسے ہی پڑی تھی اور اداکارہ کا پرس بھی کشتی پر ہی ملا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں