227

تمام سیاستدان جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 کی پیداوار ہیں: شیخ رشید

لاہور(بے لاگ نیوز)تفصیلات کے مطابق ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے نئے چیف جسٹس کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ جسٹس گلزار احمد کے عہدہ سنبھالنے کے بعد ملک اور آگے جائے گا۔چیئرمین پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول سادہ اور بچے نہیں، وہ زرداری گروپ کے سی ای او رہے ہیں، ڈیڑھ ارب روپے کی ٹرانزیکشن پر بلاول کے دستخط ہیں، یہ لوگ ضمانتین کروانے کے لیے اپنے کیسز سندھ منتقل کروانے کی ضد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو پلی بارگین نہیں کریں گے تو مریم نواز کی طرح سیاست سے باہر ہو جائیں گے۔   

مسلم لیگ ن کے صدر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف وکٹ کے دونوں جانب کھیل رہے ہیں اور وہ نیا کوٹ، نیا ہیٹ پہنے لندن میں گھوم رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف بڑے بھائی کو پہلے سعودی عرب اور اب لندن لے کر گئے ہیں، شہباز شریف سے متعلق بھی جلد اچھی خبریں آنے والی ہیں۔

عمران خان ملک کیلئے کوالا لمپور کانفرنس سے پیچھے ہٹے

وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ ملک اور قوم کے لیے یو ٹرن لیتے ہیں، عمران خان کوالالمپور کانفر نس سے ملک کے لیے پیچھے ہٹے۔

چالیس سال تک خدمت کرنے والے آرمی چیف کا مقابلہ کرپٹ مافیا نہیں کیا جا سکتا

شیخ رشید نے کہا کہ مجھ سمیت کابینہ کے 16 ارکان نے ووٹ دیا کہ نواز شریف کو جانے دیں، عمران خان کو نواز شریف کے باہر جانےکا افسوس ہے اور رہے گا، لیکن عمران خان سمیت کوئی سیاستدان اپنے اوپر کسی کی موت کا الزام نہیں لینا چاہتا۔

سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کے فیصلے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ میں مشرف کو غدار نہیں سمجھتا وہ محب وطن ہیں، 40 سال تک خدمت کرنے والے آرمی چیف کا مقابلہ کرپٹ مافیا سے نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی ثابت کرے کہ مشرف نے ایک پیسے کی بھی کرپشن کی ہو، میں نے فیصلے کے پیرا گراف نمبر 66 کی ڈٹ کر مخالفت کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ادارے سمجھدار ہیں، انہیں آپس میں لڑایا نہیں جا سکتا، اپوزیشن کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہو جائیں گے۔

 

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ ملک کے تمام سیاستدان جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 کی پیداوار ہیں، ذوالفقارعلی بھٹو سمیت تمام سیاستدان فوج کی نرسری کی پیداوار ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ ایک دن صحافیوں کو بھی جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 سے اندر لیکر جاؤں گا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں