186

احتساب عدالت،خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7 جنوری تک توسیع

سکھر،(بےلاگ نیوز)احتساب عدالت سکھر نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7 جنوری تک توسیع کر دی۔

نیب سکھر کیجانب سے پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ، ان کے بیٹوں فرخ شاہ، زیرک شاہ، ان کی بیگمات طلعت بی بی اور گلناز بی بی، داماد صوبائی وزیر اویس قادر شاہ سمیت 18 افراد کے خلاف 1 ارب 23 کروڑ روپے سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں دائر ریفرنس کی کی احتساب عدالت میں سماعت ہوئی۔

سماعت کے موقع پر پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ کو ایمبولینس کے ذریعے این آئی سی وی ڈی ہسپتال سے عدالت لایا گیا جبکہ ان کی بیگمات، صاحبزادے اور داماد بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت میں سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر اور خورشید شاہ کے وکلاء نے اپنے اپنے مختصر دلائل بھی دیئے۔

عدالت نے نیب کی جانب سے تیار کیے گئے ریفرنس کا جائزہ لیا اور نیب کو آئندہ سماعت پر ملزمان پر لگائے گئے الزامات کے ثبوت پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریفرنس کی سماعت 7 جنوری تک ملتوی کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں