181

ہماری افواج اورقوم کا بچہ بچہ وطن کی حفاظت کیلئے پرعزم ہے،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد(بےلاگ نیوز)وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت سابقہ خارجہ سیکریٹریز کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا،اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 5 اگست کو جو آگ  مودی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں لگائی تھی وہ اب پورے ہندوستان میں پھیل چکی ہے، آج مودی سرکار کی مسلم کش،اور ہندوتوا سوچ نے پورے  ہندوستان کو  تقسیم کر دیا ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو کے نفاذ کو 144 دن گزر چکے ہیں، بھارت نے ذرائع مواصلات پر پابندی عائد کر کے ،دنیا کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے اصل حقائق تک رسائی سے محروم رکھا، پاکستان ،مقبوصہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو ہر پلیٹ فارم پر بے نقاب کر رہا ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ ہندوستان، اپنے داخلی انتشار سے توجہ ہٹانے کیلیے مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے،ہماری مسلح افواج اور پاکستانی قوم کا بچہ بچہ اس ارض_وطن کی حفاظت کیلئے پر عزم ہے۔

اجلاس میں مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت اور خطے میں امن و امان کی تشویشناک صورتحال پر تبادلہ ء خیال کیا گیا،وزیر خارجہ نے سابقہ خارجہ سیکریٹریز کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے صدر سیکورٹی کونسل کو لکھے گئے،اپنے حالیہ خط کے مندرجات سے آگاہ کیا،دوران اجلاس اہم خارجہ پالیسی امور پر،اس مشاورتی سلسلے کو تواتر کے ساتھ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں